عبدالحئی بلوچ کو بازیاب کرکے عدالت میں پیش کیا جائے، لواحقین کا مطالبہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)آواران سے مبینہ طور پرلاپتہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کے اہلخانہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالحئی کو بازیاب کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔ یہ بات انہوں جمعرات کو وائس فار بلوچ مسنگ پرسنزکے کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نصر اللہ بلوچ اور ماما قدیر بلوچ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ آواران میں کافی عرصے سے غیریقینی کی صورتحال ہے، لوگوں کے مبینہ طور پر لاپتہ کی جانے کے واقعات نے لوگوں کوذہنی مریض بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالحئی بلوچ ولدحاجی محمداسلم پیشے کے لحاظ سے آپریشن تھیٹراسسٹنٹ اورآواران جیسے دور افتادہ علاقے میں خدمت انجام دئے رہے تھے،31جون کو ڈیوٹی سے واپسی پر مبینہ طور پر انہیں لاپتہ کردیا، اس معاملے میں جب پولیس اور لیویزسمیت ضلعی انتظامہ سے رابطہ کیا گیا تو صرف طفل تسلیاں دی گئیں، ان کے مبینہ طور پر لاپتہ کیے جانے کے واقعے کو 34 روزگزرنے کی باوجود انہیں کسی عدالت میں پیش نہیں کیاگیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹرعبدالحئی بلوچ کوبازیاب کرکے عدالت میں پیش کیاجائے۔