ضلعی صدر کوئٹہ کو لوٹنے کی مذمت کرتے ہیں، پولیس شہریوں کو تحفظ دے، بی این پی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر اور ممبر سینٹرل کمیٹی میر غلام نبی مری نے گزشتہ روز بی این پی ہزارہ ٹاﺅن کے رہنما کاشف حیدری سے نامعلوم ڈاکوﺅں کی جانب سے اسلحے کے زور پر موبائل اور نقدی چھین کر فرار ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز چوری اور ڈکیتی کے واقعات میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے، وارادت سے 3 یوم گزرنے کے باوجود ملزمان کی عدم گرفتاری سوالیہ نشان ہے، حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے امن و امان کے قیام اور واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے عملی اقدامات کریں بصورت دیگر شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے جاری کردہ بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ ڈکیتی اور چوریوں کے بعد پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کرنا اپنی ناکامیوں پر پردہ پوشی کے مترادف ہے۔ انہوں نے پولیس کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی واردات کے بعد وسائل کی جانب سے 15 اور پولیس کنٹرول کو مطلع کرنے کے باوجود نہ صرف سائل کو تھانے بلا کر تنگ کیا جاتا ہے بلکہ مقدمہ کے اندراج میں تاخیر سے کام لیا جاتا ہے جوکہ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی ہزارہ ٹاﺅن کے رہنما کاشف حیدری سے اپنے گھر جارہا تھے جہاں نامعلوم ڈاکوﺅں نے ان سے اسلحے کے زور پر موبائل، نقدی اور دیگر ضروری سامان لیکر موقع سے فرار ہوگئے، جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پولیس اور متعلقہ ادارے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے واردات میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دیں تاکہ ایسے واقعات کا سدباب ہوسکے، مزید انہوں نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے امن و امان کی بحالی اور چوری اور ڈکیتی کے واقعات پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کیے جائے بصورت دیگر امن و امان کی مخدوش صورتحال کیخلاف شدید احتجاج پر مجبور ہونگے۔