کراچی: مسجد کی چھت پر قائم گٹکے کا کارخانہ پکڑا گیا


 کراچی(قدرت روزنامہ) رضویہ سوسائٹی کے علاقے شاہجہاں آباد میں کامبنگ آپریشن کے دوران مسجد کی چھت پر قائم گٹکا بنانے کا کارخانہ پکڑا گیا، پولیس آپریشن کے دوران منشیات فروشی، اغوا اور پولیس مقابلے کی متعدد مقدمات میں ملوث ایک ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
ایکسپریس کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب رضویہ سوسائٹی تھانے کے علاقے میں شاہجہان آباد میں کامبنگ آپریشن کیا گیا، دوران کامبنگ آپریشن رضویہ سوسائٹی پولیس نے مسجد کی چھت پر قائم گٹکا ماوا فیکٹری پکڑلی۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ جگہ مسجد انتظامیہ نے کسی اشفاق نامی شخص کو کرائے پر دی تھی، اشفاق نامی شخص نے اپنے گھر کی تقریب کا بہانہ بنا کرجگہ کرائے پر لی تھی بعدازاں اسے گٹکا ماوا کارخانے کے طور پر استعمال کررہا تھا۔

پولیس نے چھت سے گٹکا ماوا بنانے کا سامان اور مشینری برآمد کرلی، ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاہے مارے جارہے ہیں۔دریں اثنا رضویہ سوسائٹی پولیس نے کامبنگ آپریشن کے دوران بدنامِ زمانہ منشیات فروش فدا محمد عرف کے کے کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم سی ٹی ڈی کی گرے لسٹ میں شامل تھا اور انتہائی مطلوب تھا۔
ملزم فدا حسین منشیات فروشی، اغوا اور پولیس مقابلے کی متعدد مقدمات میں اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، گرفتار ملزم کے قبضے سے 1540 گرام ڈیڑھ کلو سے زائد چرس اور نقدی برآمد کرلی گئی، گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔