وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سائفر کا معاملہ نیویارک اسٹیٹ اسمبلی ممبران کے سامنے اٹھا دیا


پشاور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سائفر کا معاملہ نیویارک اسٹیٹ اسمبلی ممبران کے سامنے اٹھاتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے نیو یارک اسٹیٹ اسمبلی اور امریکی پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی ممبران کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ سائفر کے معاملے سے پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں ایک کنفیوژن پیدا ہوئی۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس کنفیوژن کو دور کرنے کے لیے اصل حقائق کو سامنے لانے کی ضرورت ہے، نیویارک اسٹیٹ اسمبلی امریکی کانگریس کے ذریعے اس معاملے کی تحقیقات کروانے میں کردار ادا کرے۔
وفد کی قیادت نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فل روماس کررہے تھے، جبکہ صوبائی حکومت کی طرف سے متعلقہ کابینہ اراکین، چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کے علاوہ صوبائی حکومت کے دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔
مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے پر اتفاق
وفد نے صحت، تعلیم، تجارت، ہیومین ریسورس سمیت دیگر شعبوں میں خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ باہمی تعاون اور اشتراک کار پر رضامندی ظاہر کی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے پر بھی اصولی اتفاق کیا۔
اس کے علاوہ ملاقات میں خیبرپختونخوا حکومت اور نیویارک اسٹیٹ کے درمیان نرسنگ ایکسچینج پروگرام، اور ٹیلی ہیلتھ پروگرام شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر علی امین گنڈاپور نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت عوامی فلاح و بہبود کے مختلف شعبوں میں امریکی حکومت کے تعاون اور اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت اور نیویارک اسٹیٹ کے درمیان باہمی اشتراک اور تعاون سے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ ملے گا، خیبرپختونخوا میں سیاحت، معدنیات، زراعت اور پن بجلی سمیت دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت استعداد کے حامل شعبوں میں خاطر خواہ سرمایہ کاری کررہی ہے، جبکہ ان شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گی۔
عمران خان کے ویژن کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں، وزیراعلیٰ
وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم عمران خان کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے اپنے مسائل کو مواقع میں تبدیل کرنے پر کام کررہے ہیں۔ صوبے میں ہیلتھ کارڈ اسکیم کے تحت 100 فیصد آبادی کو مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ صحت کارڈ کی طرز پر ایجوکیشن کارڈ کے اجرا پر بھی کام کررہے ہیں، اسکول سے باہر بچوں کا اسکولوں میں داخلہ اور خواتین کی شرح خواندگی میں اضافہ صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ایک ہے۔
امریکی وفد کی خیبرپختونخوا حکومت کے اقدامات کی تعریف
اس موقع پر وفد کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کی پولیس، ہیلتھ اور ایجوکیشن ریفارمز کی تعریف کی گئی اور کہا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے خیبرپختونخوا حکومت کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے جنگلات کے رقبے کو مجموعی رقبے کے 26 فیصد تک بڑھانا صوبائی حکومت کی اہم کامیابی ہے، جبکہ صوبے کی 100 فیصد آبادی کو مفت علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی قابل ستائش اور قابل تقلید اقدام ہے۔