پیٹرولیم ڈیلرز کی ایک روزہ ہڑتال کے بعد حکومت نے ایڈوانس ٹیکس ختم کردیا
کراچی(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ایک دن کی ہڑتال کے بعد ایڈوانس ٹیکس ختم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے ہڑتال مؤخر کرنے کے اعلان کے فوری بعد ہی پیٹرولیم ڈیلرز پر عائد کیا گیا ایڈوانس ٹیکس ختم کردیا اور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کے ڈی جی آئل کی جانب سے ایف بی آر سے وضاحت طلب کی گئی تھی کیونکہ ڈیلرز، ریٹیل آؤٹ لیٹس(پیٹرول پمپس) حکومت کے مقرر کردہ فکسڈ ڈیلر مارجن پر کام کرتے ہیں اس لیے یہ شعبہ ریگولیٹڈ قیمتوں کا ہے۔
ایف بی آر سے وفاقی وزارت توانائی نے پوچھا تھا کہ پیٹرولیم ڈیلرز انکم ٹیکس آرڈیننس مجریہ2001 کے سیکشن 156اے میں ترمیم سے پیٹرولیم ڈیلرز کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آئل کی جانب سے وضاحت طلب کرنے پر یہ واضح کیا گیا ہے کہ سیکشن 236H ibid کے تحت ٹیکس وصولی کی دفعات او ایم سیز کے ڈیلرز، ریٹیل آؤٹ لیٹس پر لاگو نہیں ہیں کیونکہ ایسے شخص کی آمدنی سیکشن کے لحاظ سے حتمی ٹیکس نظام کے دائرے میں آتی ہے۔
دریں اثنا پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین عبدالسمیع خان نے ایف بی آر کی جانب سے پیٹرولیم ڈیلرز پر صفر اشاریہ پانچ فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس ختم کرنے کے نوٹیفکیشن کا خیرمقدم کیا۔
عبدالسمیع خان نے کہا کہ یہ ہماری یکجہتی اور حقیقی مؤقف کے ساتھ کامیاب ہڑتال کی بدولت ممکن ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے ہمارا جائز مطالبہ تسلیم کر لیا ہے جس کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال ناکام بنانے والے چند ڈیلرز اس کامیابی کا سہرا اپنے سر لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس سے پہلے پیٹرولیم ڈیلرز نے جمعے کو جاری ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ شمالی علاقہ جات پر سیاحوں کے پھنسنے کے باعث فوری فیصلہ کیا گیا ہے، مالاکنڈ، سوات کے علاقوں میں دو دو فرلانگ گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو سیاح ہیں، ہم ہڑتال ملتوی کررہے ہیں، ہماری آج کی ایک روزہ ہڑتال کامیاب رہی ہے۔
عبدالسمیع خان نے کہا تھا کہ ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے، مطالبہ تسلیم نہ ہونے پر اسلام آباد کا گھیراؤ بھی کریں گے