ڈی سی اسلام آباد حکومت کے ٹاؤٹ بنے ہوئے ہیں، عمر ایوب


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حکومت کے ٹاؤٹ بنے ہوئے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے جلسے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا گیا جو کہ افسوس ناک ہے۔ ڈی سی اسلام آباد بتائیں کس کے اشارے پر چل رہے ہیں۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ آج پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کی میٹنگ ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ ڈی سی اسلام آباد حکومت کے ٹاؤٹ بنے ہوئے ہیں۔
چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ آج جلسے کے لیے پورا ملک اور ہمارے ورکرز بے تاب ہیں۔ ہم ہائی کورٹ اس لیے آئے کہ قانون اور آئین کے مطابق جلسہ کریں۔ جج صاحبان کی عدم موجودگی کے باعث آج سماعت نہیں ہوسکی۔ چار رٹ پٹیشن کے بعد عدالت کے حکم پر ڈی سی نے جلسے کا نوٹفیکیشن دیا۔ جو نوٹیفکیشن ہائی کورٹ کے حکم پرہو اسے معطل کرنے کا اختیار ڈپٹی کمشنر کو نہیں ہے۔ جس لیٹر کو بنیاد بنا کر نوٹیفکیشن معطل کیا انہیں چاہیے تھا وہ لیٹر ہائی کورٹ میں پیش کرتے۔
پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جلسہ کرنا ہمارا بنیادی حق ہے اور ہم کریں گے۔ انتظامیہ نے پہلے روات میں جلسے کی اجازت دی رٹ پٹیشن فائل کی تو ترنول میں اجازت ملی۔ کل انہوں نے اچانک ہمارے جلسے کے نوٹیفکیشن کو معطل کردیا۔ کل جلسے کی جگہ پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے اور وہاں جلسے کا سماں تھا۔ ہمارے ورکرز کو گرفتار کیا گیا۔