پیٹرولیم کمپنیوں کا پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان


مقامی سطح پرتیل،گیس کے ذخائر کی تلاش اولین ترجیح ہے،وزیراعظم
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملکی وغیرملکی پیٹرولیم اور گیس کمپنیوں نے پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے پیٹرولیم اور گیس کمپنیوں کے وفد نے ملاقات میں پاکستان میں آئندہ 3 سال میں 5 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کردیا۔ ملکی وغیرملکی پیٹرولیم،گیس کی تلاش،پیداواری شعبے سے تعلق رکھنے والے وفد نے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
سرمایہ کاروں کے وفد نے کہا کہ آپ پہلے وزیراعظم ہیں جو سنجیدگی سے اس شعبے پر توجہ دے رہے ہیں، مشاورتی عمل کاحصہ بنانے اور مسائل سننے،ان کاحل ڈھونڈنے پر وزیراعظم شہبازشریف کے مشکور ہیں۔شرکاء کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ آئندہ 3 سالوں میں پیٹرولیم، گیس کی تلاش کیلئے 240جگہ کھدائی کی جائے گی، وزیراعظم نے پیٹرولیم، گیس کی تلاش وپیداواری کمپنیوں کوآف شور ذخائر ڈھونڈنے کی دعوت دیدی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان تیل اورگیس کی درآمدپرہرسال اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے، پاکستان میں مقامی سطح پر تیل،گیس کےذخائر کی تلاش اولین ترجیح ہے، مقامی ذخائرکی پیداوار سے پاکستان کاقیمتی زرمبادلہ بچے گا۔ مقامی ذخائر سے عام آدمی کیلئے ایندھن اورگیس سستے ہوگی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کردی، کمیٹی میں متعلقہ حکام، سیکریٹریز اور ماہرین شامل ہوں گے، متعلقہ حکام کو شعبہ توانائی کے تمام مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے پٹرولیم ریفائنریز کے شعبےکی ترقی اور اس میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے کمیٹی نے ریفائنری پالیسی 2023 کی معیاد میں 6 ماہ توسیع کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ہونے والے کمیٹی اجلاس میں آئل ریفائزیرز کو اعتماد میں لے کر ترجیحی بنیاد پر اپ گریڈیشن کیلئے جامع لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی ہے۔