سید نور کا مردوں کو صرف ایک شادی کرنے کا مشورہ
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف ہدایتکار سید نور نے کہا ہے کہ اگر مردوں کو مشکل زندگی سے بچنا ہے تو صرف ایک شادی کریں۔ حال ہی میں سید نور نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں ایک مداح نے ہدایتکار سے پوچھا کہ اُن کا دو شادیاں کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟
اس سوال کے جواب میں سید نور نے کہا کہ شادی صرف ایک ہی اچھی ہوتی ہے کیونکہ دوسری شادی کرنے والے مردوں کو بہت سے مشکل امتحانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سید نور نے کہا کہ اگر مرد اس امتحان میں ناکام ہوجائیں تو اس کا مطلب ہے کہ وہ زندگی کے امتحان میں ناکام ہوگئے ہیں۔
ہدایتکار نے کہا کہ دوسری شادی کے فیصلے کو بڑی ہی ہمت اور بہادری کے ساتھ نبھانا پڑتا ہے اور بہت کم لوگ ہیں جو دوسری شادی کو کامیاب بناتے ہیں۔
اُنہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے ہمت دی کہ میں اپنی دوسری شادی کو ہمت سے نبھا سکوں لیکن اس کے باوجود، میں ہر مرد کو یہی مشورہ دوں گا کہ شادی صرف ایک ہی کریں۔
واضح رہے کہ سید نور کی پہلی شادی رخسانہ نور سے ہوئی تھی جن سے اُن کا ایک بیٹا بھی ہے لیکن اب اُن کی پہلی اہلیہ کا انتقال ہوچکا ہے۔
سید نور نے اپنی دوسری شادی سے متعلق ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کی اور اداکارہ صائمہ کی شادی 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ’چوڑیاں‘ کے فوری بعد ہوگئی تھی مگر انہوں نے اس کا اعتراف 2007 میں تقریبا ایک دہائی بعد کیا۔