چین میں ہوا کے طاقتور بگولے سے بڑے پیمانے پر تباہی، 5 افراد ہلاک اور 100 زخمی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چین میں ہوا کے بگولے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہوا کے بگولے نے مشرقی چین کے ایک ٹاؤن میں تباہی مچاتے ہوئے انفرا اسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہوا کے بگولے کی وجہ سے 5 افراد ہلاک اور 100 کے قریب زخمی ہوئے جنہیں علاج کیلئے فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔
اس کے علاوہ طاقتور بگولے نے درختوں کو جڑ سے اکھاڑ دیا جبکہ گھروں کی چھتیں بھی ہوا میں اڑ گئیں، تیز ہواؤں کے باعث 2800 سے زائد گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جو علاقے سے ملبہ ہٹانے سمیت دیگر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیں گے۔
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق رواں سال اپریل میں بھی ہوا کے بگولے نے چین کے جنوبی شہر گوانگزو میں تباہی مچائی تھی جس میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 33 زخمی ہوئے تھے۔