قیصر کو گھر کے معاملات میں بولنے کی اجازت نہیں، فضیلہ قاضی


کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے کہا ہے کہ اُن کے شوہر و اداکار قیصر نظامانی کو گھر کے معاملات میں بولنے کی اجازت نہیں لیکن اس کے باوجود، وہ کچھ نہ کچھ کہہ دیتے ہیں۔
حال ہی میں فضیلہ قاضی اور اُن کے شوہر قیصر نظامانی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی کامیاب ازدواجی زندگی سے متعلق گفتگو کی۔ فضیلہ قاضی نے کہا کہ ہمارے گھر کا قانون ہے کہ میں گھر کے تمام معاملات دیکھتی ہوں جس میں قیصر کو دخل اندازی کی اجازت نہیں جبکہ باہر کے سارے کام قیصر دیکھتے ہیں۔
سینیئر اداکارہ نے کہا کہ میں باہر کے کاموں میں قیصر کو کوئی نہ کوئی مشورہ دے دیتی ہوں جبکہ وہ بھی گھر کے معاملات میں دخل اندازی کرتے ہیں لیکن میں اُن کی ایک نہیں سُنتی۔
اُنہوں نے کہا کہ گھر کی دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا بہت بڑی ذمہ داری ہے اور جب کسی کو ایسا شوہر مل جائے جو ہر کام کو باریکی سے دیکھے کہ گھر میں کہاں مٹی اور کہاں نہیں، تو پھر گھر سنبھالنا آسان نہیں ہوتا۔
فضیلہ قاضی نے یہ بھی کہا کہ میں اپنی بہو کی ساس نہیں ہوں لیکن قیصر کے اندر ایک ساس چُھپی ہے، میری بہو قیصر سے تھوڑا ڈرتی ہے جبکہ بہو اور میرے درمیان تو کافی اچھی دوستی ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میں بیرون ملک چلی گئی تھی تو میری بہو روزانہ فون کرکے پوچھتی تھی کہ اماں آپ کب واپس آئیں گی کیونکہ قیصر کو کھانے وغیرہ کے معاملے میں کافی پریشانی ہوتی تھی۔