ایران سے بجلی کی بندش، مکران ڈویژن کے متعدد اضلاع کو فراہمی معطل
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ایران سے بجلی کی سپلائی کی بندش کے بعد بلوچستان کے مکران ڈویژن کے اضلاع کے گرڈ اسٹیشنوں کو فراہمی معطل ہوگئی۔ کیسکو ترجمان کے مطابق ایران سے مکران کے اضلاع گوادر،کیچ اور پنجگور کے گرڈ اسٹیشنوں کو بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔ متاثرہ گرڈ اسٹیشنوں میں مند، تمپ، تربت، ہوشاب، پنجگور، جیوانی، گوادر ڈور گرڈ اسٹیشن شامل ہیں۔ بجلی کی سپلائی سے گوادر ڈیپ سی پورٹ، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ، پسنی اور اورما ڑہ گرڈ اسٹیشن بھی متاثر ہوئے ہیں۔ کیسکو ترجمان کے مطابق بجلی بحالی کے سلسلے میں ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، پنجگور اور تربت کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرکے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ توقع ہے کہ ایران سے بجلی جلد بحال ہونے سے صورتحال معمول پر آجائے گی۔