اس سال آم نایاب، مہنگا اور کم لذیذ کیوں؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پھلوں کا بادشاہ آم ان پھلوں میں سے ہے کہ جو اپنے سیزن میں ہر جگہ بآسانی دستیاب ہوتا ہے اور ہر خاص و عام اسے شوق سے کھاتا ہے . پاکستان میں مختلف اقسام کے آموں کی پیداوار ہوتی ہے اور یہاں کے لذیذ آم دنیا بھر میں مشہور ہیں اور تقریباً دنیا کے ہر کونے میں یہ بھیجے جاتے ہیں جنہیں انتہائی پسند کیا جاتا ہے .

موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی آم کا سیزن شروع ہے تاہم اس مرتبہ آم پہلے جیسے معیار کے نہیں اور اس کی تعداد بھی اس مرتبہ کم ہے اور ریٹ گزشتہ سال کی نسبت زیادہ ہیں . وی نیوز نے آم کے باغوں کے مالک اور فروٹ منڈی میں آم کا کاروبار کرنے والوں سے گفتگو کی اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ کیا وجہ ہے کہ اس مرتبہ میعاری آم مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے . ملتان میں آم کے باغات کے مالک عابد محمود نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی آم کے باغات کے مالکان نے بھرپور محنت کی تھی تاہم گرمی کے آغاز میں تاخیر کے باعث اس مرتبہ جو پھل درختوں پر اگا تھا وہ گرگیا جس سے فصل ضائع ہو گئی ہے اور آم کی پیداوار گزشتہ سال کی نسبت کم ہوئی اس وجہ سے مارکیٹ میں آم گزشتہ سالوں کی نسبت کم دستیاب ہے . آم کی مختلف اقسام کے ذائقے کے حوالے سے عابد محمود نے کہا کہ جتنی زیادہ گرمی پڑتی ہے آم اتنا لذیذ ہوتا ہے، فصل کے تیار ہونے سے قبل چونکہ زیادہ گرمی نہیں پڑی تھی اور موسم ٹھنڈا رہا تھا اس لیے آم کا وہ ذائقہ نہیں جیسا پہلے ہوا کرتا تھا . پنجاب کے شہر چشتیاں کی فروٹ منڈی میں آم کے کاروبار میں منسلک اسامہ رامے نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال آم کی پیداوار میں گزشتہ سال کی نسبت 30 سے 35 فیصد کمی آئی ہے . انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ فروٹ منڈی میں آم کی اعلیٰ اقسام سفید چونسا اور انور آٹول زیادہ تعداد میں نہیں آ رہا اس لیے ان کے ریٹ زیادہ ہیں، 9 کلو والی پیٹی 1700 سے 2 ہزار روپے میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ دیسی اور لنگڑا آم مارکیٹ میں نسبتاً کم ریٹ یعنی 800 روپے فی 10 کلو سے میں دستیاب ہے . اسلام آباد فروٹ منڈی میں آم کا کاروبار کرنے والے حیات خان نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر لوگ سفید چونسا پسند کرتے ہیں اور اسی کی خریداری کے لیے آتے ہیں، سفید چونسا سندھ سے صرف 20 دن کے لیے مارکیٹ میں آیا تھا اور اب ختم ہو گیا ہے، اس لیے یہ اب مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے اور جہاں ہے وہاں 350 سے 400 روپے فی کلو میں دستیاب ہے . حیات خان کے مطابق چونسا آم اب پنجاب کے علاقے خان گڑھ سے آنا شروع ہو جائے گا جو کہ ڈیڑھ ماہ تک جاری رہے گا . انہوں نے کہا کہ اس آم کا ذائقہ بھی اچھا ہے اور خان گڑھ کا آم کے آنے سے مارکیٹ میں اچھا اور ذائقے والا آم مناسب قیمت میں دستیاب ہو گا . انہوں نے بتایا کہ اس وقت اسلام آباد فروٹ منڈی میں آم کی مختلف اقسام کی 9 کلو کی پیٹی کی قیمت 700 روپے سے 4 ہزار روپے تک ہے . . .

متعلقہ خبریں