پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا تفصیلی شیڈول سامنے آگیا
ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا جبکہ پاکستان کے گروپ میں کونسی ٹیمیں شامل ہیں
لاہور (قدرت روزنامہ)اگلے سال پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچز کا مجوزہ شیڈول بھی سامنے آگیا، 8 ٹاپ ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ پاک بھارت ٹاکرا یکم مارچ جبکہ فائنل 9 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچز کے مجوزہ شیڈول کے مطابق پاکستان، بھارت نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کو گروپ اے جبکہ آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔میزبان پاکستان تینوں وینیوز لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں گروپ میچز کھیلے گا، ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں پاک نیوزی لینڈ ٹیموں کے درمیان ہو گا۔
20 فروری کو لاہور میں بھارت اور بنگلا دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، 21 فروری کو کراچی میں افغانستان اور جنوبی افریقا کا میچ ہو گا جبکہ 22 فروری کو لاہور میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی، 23 فروری کو لاہور میں بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ ہو گا۔
پاک بنگلا دیش 24 فروری کو راولپنڈی میں کھیلیں گے، 25 فروری کو افغانستان اور انگلینڈ کے میچ کی میزبانی لاہور کرے گا، 26 فروری کو راولپنڈی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کا میچ ہوگا، 27 فروری کو لاہور میں بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ ٹکرائیں گے۔ 28 فروری کو راولپنڈی میں افغانستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں کھیلیں گی۔
اسی طرح یکم مارچ کو روائتی حریف پاک بھارت ٹیموں کے ہائی وولٹیج ٹاکرا لاہور میں ہوگا ، 2 مارچ کو راولپنڈی میں جنوبی افریقا اور انگلینڈ کا میچ ہوگا۔5 مارچ کو پہلا سیمی فائنل کراچی دوسرا سیمی فائنل 6 مارچ کو راولپنڈی میں رکھا گیا ہے، 9 مارچ کو چیمپئنز ٹرافی کا فائنل لاہور میں ہوگا۔