اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما عرفان صدیقی بھی بجلی کے بھاری بلز آنے پر پریشان ہیں اور کہتے ہیں کہ خود ان کے لیے بھی بل ادا کرنا محال ہوچکا ہے . ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ نے کہا کہ بجلی کے بل کی ادائیگی میرے لیے بھی مشکل ہے .
جب عرفان صدیقی سے پوچھا گیا کہ بجلی کے بھاری بلوں کی وجہ سے عوام پریشان ہیں اور کہیں حکومت ان کے ممکنہ احتجاج سے خوفزدہ تو نہیں تو انہوں نے کہا کہ عوام جب کسی معاملے پر سڑکوں پر نکلتے ہیں تو وہ ایک لاوے کی صورت ہوتے ہیں جسے حکومت یا جبر کا کوئی ہتھکنڈا روک نہیں سکتا لیکن لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ملک کو اس کیفیت میں کون مبتلا کرکے گیا ہے .
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں کا مسئلہ یقیناً سنگین ہے اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے بھی اس پر جو آئے روز بیانات آتے ہیں وہی تو اس صورتحال کی ذمے دار ہے . ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس صورتحال پر پریشان ہیں اور انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ سولر پینل کے حوالے سے عوام کو ریلیف دے .
انہوں نے کہا کہ سنہ 2017 میں ن لیگ جو پاکستان چھوڑ کر گئی تھی پی ٹی آئی سنہ 2022 میں وہ پاکستان چھوڑ کر نہیں گئی بلکہ مسائل میں گھرا ہوا پاکستان چھوڑ کر گئی .
عرفان صدیقی نے مزید کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاست دھرنوں اور لانگ مارچ سے شروع ہو کر انہی پر ختم ہوتی ہے . ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوامی احتجاج کو حکومتیں نہیں روک سکتیں مگر ایسی کوئی صورت حال نہیں ہے .