فون ٹیپنگ کا معاملہ: خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کو موسمی بٹیرے قرار دے دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو موسمی بٹیرے قرار دے دیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے فون ٹیپنگ معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ قانونی مراحل سے گزر رہا ہے، نیشنل سکیورٹی کے معاملات پر یہ ضروری ہو جاتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جو جنگ ہم لڑ رہے ہیں اس میں یہ ضروری ہے، موجودہ حالات میں فون ٹیپنگ کی بالکل حمایت کروں گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمر ایوب اور دیگر لوگ بانی پی ٹی آئی کے فون ٹیپنگ پر فرمودات بھی سن لیں، عمران خان نے کہا تھا میرے بھی فون ٹیپ ہوتے ہیں اور ضرور ہونے چاہئیں، اُس وقت اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ان کا معاملہ اچھا چل رہا تھا، ان کی ہر جائز نہ جائز بات اچھی لگ رہی تھی، آج ان کے فالوورز کو وہی بات نفرت انگیز لگ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے سب موسمی بٹیرے ہیں، پہلے یہ خود ٹیپنگ کراتے تھے اپنی بھی اور دوسروں کی بھی، خوشی کے ساتھ کہتے تھے کہ ٹیپنگ ضرور ہونی چاہیے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اتحادی حکومت میں شکوے شکایتیں ہوتی رہتی ہیں، مختلف جماعتیں ہوتی ہیں تو مختلف مفادات ہوتے ہیں، سیاسی مقاصد بھی سب کے مختلف ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو جو کہہ رہے ہیں وہ ٹھیک کہہ رہے ہیں، کوشش ہے کہ شکوے شکایات کم ہوں، پیپلز پارٹی کو بنیادی مسئلہ پنجاب میں جگہ نہ ملنے کا ہے، پی پی کو وفاق میں وزارتوں کا مسئلہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے آئی ایس آئی کے نامزد افسر کو کال ٹریس کرنے کا اختیار دے دیا۔
وفاقی کابینہ نے حساس ادارے کے نامزد افسر کو کال ٹریس کرنےکا اختیار دینے کی منظوری دی جو سرکولیشن کے ذریعے دی گئی۔