بھارت نے دنیا کی پہلی سی این جی بائیک متعارف کرا دی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی کمپنی بجاج آٹو نے حال ہی میں دنیا کی پہلی سی این جی موٹرسائیکل، بجاج فریڈم 125 لانچ کی ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس موٹرسائیکل کی آپریٹنگ لاگت پیٹرول والے ماڈل سے تقریباً 50 فیصد کم ہے۔ بجاج فریڈم 125 میں سی این جی اور پیٹرول کے لیے ایک ایک ٹینک کے ساتھ دوہری ایندھن کی صلاحیت ہے۔
بجاج فریڈم 125 سی این جی کی رینج 334کلومیٹر ہے، جس میں سی این جی اور پیٹرول دونوں ٹینک بھرے ہوئے ہیں۔ بائیک کو 125 سی سی انجن لگایا گیا ہے، انجن کو 5 اسپیڈ گیئر باکس سے جوڑ دیا گیا ہے۔ بائیک سی این جی موڈ میں 102 کلو میٹر اور پیٹرول موڈ میں 165 کلو میٹر کی مائلیج کا دعویٰ کرتا ہے۔ لہذا سی این جی اور پیٹرول دونوں ٹینکوں کے ساتھ مکمل رینج 334 کلومیٹر ہے۔
موٹر سائیکل سی این جی موڈ میں ہی شروع ہوتی ہے، جبکہ جو سی این جی پر چلنے والی گاڑیاں ہیں اس کے برعکس پٹرول موڈ میں شروع ہوتی ہیں اور بعد میں سی این جی موڈ میں سوئچ کرتی ہیں۔ سی این جی ٹینک خالی ہونے کی صورت میں، سوار پیٹرول موڈ پر جاسکتے ہیں۔
بائیک میں جدید ٹیکنالوجی کی پیکجنگ بھی دی گئی ہے اور مضبوط ٹریلس فریم اور منسلک مونوشاک دیا گیا ہے۔ ا س کے علاوہ کمپنی نے موٹرسائیکل میں ایل ای ڈی ہیڈ لیمپس دیے ہیں جو کہ موجودہ وقت میں سب سے زیادہ مقبول فیچرز میں سے ایک ہے۔
اس بائیک کے مختلف ویریئنٹ ہیں جن کی الگ الگ قسمیں ہیں، اس طرح اگر قیمت کی بات کریں تو اس کی قیمت لگ بھگ 95ہزار بھارتی روپے سے شروع ہوتی ہے۔
بھارتی وزیر ٹرانسپورٹ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جہاں عام موٹرسائیکل میں پیٹرول کا خرچہ بھارتی 2روپے25پیسے فی کلومیٹر آتا ہے وہیں سی این جی موٹربائیک کی مدد سے یہ خرچہ 1روپیہ فی کلومیٹر پر آجائیگا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ سی این جی بائیک متعارف کروانے کا مقصد ایک طرف فیول کی بچت کرنا ہے تو دوسری طرف ماحول کو آلودہ ہونے سے بھی بچانا ہے۔