جنوبی افریقا چیمپئنز نے پاکستان چیمپئنز کو 9 وکٹ سے شکست دی
نارتھمپٹن(قدرت روزنامہ)ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کو پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑگیا،نارتھمپٹن میں کھیلے گئے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے 13 ویں میچ میں جنوبی افریقا چیمپئنز نے پاکستان چیمپئنز کو 9 وکٹ سے شکست دے دی .
پاکستان چیمپئنز نے جنوبی افریقا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹ پر 210 رنز بنائے تھے .
شرجیل خان 72 اور شعیب ملک نے 51 رنز کی شانداراننگز کھیلی، اس کے علاوہ صہیب مقصود نے 24، عبدالرزاق نے 25 رنز اسکور کیے .
جواب میں جنوبی افریقا چیمپئنز نے پاکستان کا 211 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا .
جنوبی افریقا کی جانب سے سیرل ایروی نے شاندار بیٹنگ کی اور 57 گیندوں پر 105 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ جیکس سینمن بھی 82 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے . پاکستان چیمپئنز کی جانب سے سہیل خان نے ایک وکٹ حاصل کی . واضح رہے کہ پاکستان پہلے ہی ایونٹ کے مسلسل 4 میچز جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے .
جنوبی افریقا سے شکست پاکستان کی ایونٹ میں پہلی ناکامی ہے جبکہ پاکستان ایونٹ میں اب تک آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیموں کو شکست دے چکا ہے .