صحت اور تعلیم میں بہتر صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیرا علیٰ بلو چستان میر سرفراز بگٹی نے آ با دی کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ صحت اورتعلیم میں بہتر صو بائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں جب تک صحت کو سنجیدگی سے نہیں لیا جائے گا ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی اموات کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ بلوچستان میں زچہ نوزائیدہ اور بچے کی صحت کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنا کر صحت کے شعبے میں انقلاب لانے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی ماں اور بچوں کی اموات کو کم کرنے اور لوگوں کی صحت کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے جس کے لئے بجٹ میں بھی صحت کے شعبے اور خاندانی منصوبہ بندی کے لیے کافی فنڈز مختص کئے گئے ہیں آبادی کے عالمی دن کے حوالے سے حکومت بلوچستان تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی جو کہ افراد خاندانوں اور معاشروں کی مجموعی صحت اور بہبود کے اہم اجزاء ہیں ، پر توجہ مرکوز کرنے کے اپنے عزم کی تجدید کرتی ہے انہوں نے کہا کہ مؤثر تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے اقدامات کے ذریعے ، افراد اپنے حقوق استعمال کر سکتے ہیں تولیدی صحت کی خدمات خاندانی منصوبہ بندی سے آگے ایک وسیع دائرہ کار پر محیط ہیں، جس میں زچگی کی دیکھ بھال محفوظ پیدائش، بعد از پیدائش کی دیکھ بھال جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماریوں کی روک تھام اور علاج شامل ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ بانجھ پن کی روک تھام اور انتظام اور تولیدی صحت کی تعلیم شامل ہے۔ افراد بالخصوص خواتین اور نوعمروں کی مجموعی صحت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ان خدمات تک رسائی ضروری ہے۔ معیاری تولیدی صحت کی خدمات اور صحت کی دیکھ بھال کا معیاری نظام افراد کو ان کی تولیدی زندگی کے دوران در پیش مخصوص ضروریات اور چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد کر سکتا ہے اور اس طرح ان کو صوبے اور ملک کی مجموعی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے عوام کی اچھی صحت اور بہبود کے لیے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنیکے عزم کا اعادہ کرتی ہے ہمارا عزم صحت مند بلوچستان۔