کیسکو نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، نیشنل پارٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام کیسکو کے ناروا سلوک کیخلاف بلوچستان بھر میں احتجاج کیا گیا۔ کوئٹہ میں پریس کلب کوئٹہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت ضلعی صدر کوئٹہ حاجی عطا محمد بنگلزئی نے کی۔ مظاہرہ سے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اسلم بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیسکو نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، 52 ڈگری سینٹی گریڈ میں اکیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو بدترین تکلیف میں ڈال رکھا ہے، دوسری جانب کیسکو اور ایف آئی اے مل کر لوگوں کی عزت نفس مجروح کررہے ہیں، فراڈ کے بل بھیج کر لوگوں کے کنکشن کاٹے جارہے ہیں، وفاق کا رویہ بلوچستان کے ساتھ کالونی جیسا ہے اور بلوچستان کے عوام کو غلام تصور کیا جارہا ہے، سردیوں میں گیس اور گرمیوں میں بجلی بند کردی جاتی ہے، ستم ظریفی یہ ہے کہ ریاست کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں، وہ بین الاقوامی اداروں اور خود مختار و نیم خود مختار اداروں کے مفادات کے چوکیدار بن چکے ہیں۔ اسلم بلوچ نے واضح کیا کہ بلوچستان میں سول نافرمانی کی تحریک تیزی سے جنم لے رہی ہے، جس کا پیش خیمہ کیسکو، سوئی سدرن گیس کمپنی، بیروزگاری و لاپتہ افراد ہوں گے، اس لیے حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ فی الفور ختم کی جائے، سبی میں کیسکو کی جانب سے سیاسی کارکنوں اور عوامی نمائندوں پر درج مقدمات واپس لیے جائیں، کیسکو کا ناروا آپریشن فی الفور روک دیا جائے اور غیر منطقی بجلی بل بھیجنا بند کیا جائے۔ دریں اثنا کیچ، مستونگ، خاران، خضدار سمیت بلوچستان بھر میں کیسکو کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائیگا۔