پرامن احتجاج سب کا حق،ریاستی اداروں کو یرغمال بنانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، شاہد رند


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند کا لاپتہ افراد کے لواحقین کی جانب سے کوئٹہ شہر میں ہونے والے احتجاج پر رد عمل سامنے آیا ہے ان کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے ۔ ان کا کہناتھا کہ یہ احتجاج گزشتہ 10 سے 12 روز کے دوران کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر جاری تھا ۔ اس دوران ریاست کی جانب سے اس پرامن احتجاج پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ آج مظاہرین نے سریاب روڈ کوئٹہ سے ریڈ زون کی طرف پیش قدمی کی ۔ ریڈ زون کوئٹہ میں ہائی کورٹ، سپریم کورٹ رجسٹری، گورنر ہاؤس ، وزیراعلیٰ ہاؤس ، ججز اور اعلیٰ سول حکام کی رہائش گاہوں سمیت سول سیکرٹیریٹ بلوچستان کی عمارت بھی موجود ہے ۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو ریڈ زون میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی گئی ۔شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے لیکن اس کے باوجود بھی مظاہرین نے ریڈ زون میں گھسنے کی کوشش کی ۔ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق پولیس نے مظاہرین کے ساتھ انتہائی تحمل اور برداشت کا رویہ اختیار کیا ۔ریڈ زون کے حوالے سے پالیسی واضح ہے کہ ریڈ زون میں کسی کو بھی داخلے کی اجازت نہیں ۔ ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص یہ گروہ کسی بھی علاقے میں پرامن احتجاج کرنا چاہتا ہے تو ریاست کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ۔ ریڈ زون اور ریاستی اداروں کو یرغمال بنانے کی کسی کو بھی کوئی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ شاہد رند