پرامن ریلی پر تشدد قابل مذمت، ظہیربلوچ کے اغوا کاروں کا محاسبہ کیا جائے، ایچ آر سی پی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ہیو من رائٹس کمیشن آف پاکستان نے سماجی رابطے ویب سائٹ (ایکس) پر اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ میں مظاہرین کے ساتھ روا رکھے جانے والے پرتشدد سلوک کی شدید مذمت کرتا ہے، جن میں خواتین بھی شامل ہیں، جو کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے پوسٹل ورکر ظہیر بلوچ کی مبینہ جبری گمشدگی کے خلاف ریلی کر رہے تھے جسے 27 جون کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا تھا۔خاص طور پر بلوچستان سے جبری گمشدگیوں کی مسلسل اطلاعات کے باوجود، ریاست نے اس گھناﺅنے عمل کو ختم کرنے کے لیے پختہ عزم کا مظاہرہ نہیں کیا۔ اس کے بجائے، اس نے پرامن طریقے سے جمع ہونے کے آئینی حق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج کو روکنے کے لیے ہمیشہ تشدد کا سہارا لیا ہے۔ ظہیربلوچ کو فوری طور پر تلاش کیا جائے اور ان کے اغوا کاروں کا محاسبہ کیا جائے۔