طوفانی بارش کے بعد لاہور دریا کا منظر پیش کرنے لگا، لیسکو کے 177 سے زائد فیڈرز ٹرپ


لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں طوفانی بارشوں کے بعد سڑکیں گلیاں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں جب کہ لیسکو کے 177 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے . مون سون سیزن کا طوفانی اسپیل صوبائی دارالحکومت میں خوب جم کر برسا، جس کے بعد جل تھل ایک ہوگیا .

واسا حکام کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش تاج پورہ کے علاقے میں 242 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی .
بارش کے اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ لکشمی چوک پر 130، مغل پورہ 132 اور گلشن راوی میں 133ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی . علاوہ ازیں چوک ناخدا پر 122، اقبال ٹاؤن 128، قرطبہ چوک 125، سمن آباد 135، ائرپورٹ 71 ، اپر مال 123، گلبرگ 41، نشترٹاؤن 129، جیل روڈ 55 اور فرخ آباد میں 119 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی .
مقامی انتظامیہ کے مطابق ڈیوس روڈ، چائناچوک، کینال روڈ،گڑھی شاہو، علامہ اقبال روڈ، اللہ روڈ، کشمیر روڈ، ایجرٹن روڈ، جوہر ٹاؤن، شملہ پہاڑی اور اطراف میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب کئی اہم مقامات پر بارش کا پانی جمع ہوگیا .
ترجمان لیسکو کے مطابق بارش سے 177 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے . فیڈرز کی ٹرپنگ سے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہو گئی جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا . بارش سے لاہور کے 120 فیڈرز سے بجلی سپلائی معطل ہوئی جب کہ قصور سرکل کے 15 فیڈرز سے بجلی سپلائی بند ہو گئی . اسی طرح ننکانہ سرکل کے10 فیڈرز سے بجلی معطل ہوئے اور شیخوپورہ سرکل کے 26فیڈرز بھی بارش کے باعث بند ہو گئے . اوکاڑہ سرکل کے 6 فیڈرز سے بجلی سپلائی معطل ہوئی .
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں بارش کے پانی کے نکاسی کے ہنگامی اقدامات کی نگرانی جاری ہے . لاہور میں واسا کا مختلف علاقوں میں نکاسی آب کا بڑا آپریشن کیا جا رہا ہے، جس کے تحت افسران اور عملہ مختلف علاقوں میں موجود ہے اور نکاسی آب کے لیے مشینری اور واٹر پمپس استعمال کیے جا رہے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں