گوادر میں کچرے کو خزانے میں تبدیل کرنا کے عنوان سے سمر کیمپ کا افتتاح


گوادر(قدرت روزنامہ)گوادر اسکول اف آرٹس اور بامسار اشتراک سے منعقدہ چھ روزہ سمر کیمپ ” کچرے کو خزانے میں تبدیل کرنے ” کے موضوع پر آرٹ مقابلے کا منفرد اور فنکارانہ طور پر، اسسٹنٹ کمشنر گوادر میر جواد احمد زہری نے افتتاح کیا۔ اس موقع پر گوادر اسکول آف آرٹس کی چیئرپرسن میڈم شاہینہ رشید، بامسار آرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو نصیر محمد، ایونٹ کے فوکل پرسن مرزا غالب، سندھ بینک گوادر کے منیجر رفیق زاہد، گوادر اسکول آف آرٹس کے اراکین، مقابلے کے شرکا اور پروگرام کے رضاکار موجود تھے۔ تقریب کا آغاز شاندار انداز میں ہوا، جس میں شرکا نے بے تابی سے اپنی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ افتتاحی تقریب میں ایک فنکارانہ تھیم پیش کیا گیا جہاں شرکا نے اپنے ہاتھ کے نشانات سے کینوس پینٹ کیا، جو کیمپ کے تخلیقی جذبے کی علامت تھی۔ یہ کینوس تیار ہوتا رہے گا ہر آنے والے مہمان ہر روز اپنے ہاتھ کے نشانات شامل کرتے رہیں گے، آخر میں یہ کینوس ایک مکمل درخت کی شکل اختیار کر لے گا۔ اس فنکارانہ کوشش کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے گوادر میں شجرکاری کی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر زہری نے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سمندری فضلے کو قیمتی تخلیقات میں تبدیل کرنے اور شرکا میں ماحولیاتی آگاہی کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ سمر کیمپ تخلیقی صلاحیتوں، سیکھنے اور فنکاروں کی مصروفیت کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جوکہ اس میں شامل تمام لوگوں کے لیے ایک یادگار تجربہ ہوگا۔ شرکا نے اپنی اپنی سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں سمر کیمپ کے مقاصد کے لیے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔