سپریم کورٹ کے فیصلے سے دھاندلی زدہ حکومت نشان عبرت بنے گی، تحریک انصاف


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ کا مخصوص نشستوں کے فیصلے نے ملک میں آئین و جمہوریت بچا لیا ہے جنگ آزادی میں ہم نے قوم کے ہیروز کا سنا تھا آج 8 ججوں کی صورت میں عملی طور دیکھ لیا ہے بہت جلد ان شا اللہ 47 کی حکومت کا خاتمہ اور فارم 45 کی حکومت قائم ہوگی۔ یہ بات تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر داﺅد شاہ کاکڑ نے پارٹی عہدیداران اور کارکنان سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اس سلسلے عظیم الشان جشن اور صدقہ کیا جائے گا، آج سپریم کورٹ آف پاکستان کے 8 ججوں نے تحریک انصاف کے جائز، آئینی و قانونی حق دے کر پاکستان میں آئین و جمہوریت کو بچا کر آمریت اور جمہوریت دشمن قوتوں کو شکست دی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے سے نہ صرف تحریک انصاف کی جیت ہوئی بلکہ پاکستانی قوم کو حقیقی آزادی دلائی گئی، حقیقی آزادی کا یہ سورج اب اتنی تیزی سے طلوع ہوگا کہ فسطائیت، جابر، دھاندلی زدہ حکومت غروب ہوکر نشان عبرت بنے گا۔