بلوچستان میں گیس چوروں کیخلاف کارروائی، سیکڑوں غیر قانونی کنکشن منقطع
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سوئی سدرن کمپنی کی سیکیورٹی سروسز اور کانٹر گیس تھیفٹ آپریشنز (ایس ایس اینڈ سی جی ٹی او)اور کسٹمر ریلیشنز ڈپارٹمنٹ (سی آر ڈی)کی ٹیمیں گیس چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات میں کمی لانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہیں، حال ہی میں ٹیموں نے سروے رپورٹس پر کام کرنے کے بعد متعدد چھاپے مارے، جس میں انہوں نے ان علاقوں کی نشاندہی کی جہاں گیس چوری کی جا رہی تھی اور فوری طور پر اس گھناﺅنے جرم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی گئی، مجموعی طور پر 2,890 غیر قانونی گیس کنکشنز منقطع کیے گئے، حب کے الامارات شہر میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا، جہاں 2,500 رہائشی گیس چوری میں ملوث پائے گئے، اس بڑے آپریشن سے اس حقیقت کا پتہ چلا کہ رہائشیوں نے سوسائٹی کے سامنے بچھائی گئی 8 انچ اسٹیل ہائی پریشر انڈسٹریل مین گیس پائپ لائن سے غیر قانونی طور پر گیس حاصل کی تھی، سی آر ڈی، ڈسٹری بیوشن اور زونل منیجر بلوچستان کی ٹیموں نے کیس میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مشترکہ چھاپہ مارا، ٹیم نے گیس سسٹم میں ٹیپ کرنے کے لئے استعمال ہونے والے سوراخوں کو سیل کر دیا اور علاقے کو سخت نگرانی میں رکھا جا رہا ہے جبکہ دعوے بھی دائر کیے جا رہے ہیں، کوئٹہ میں کینٹ اور سٹی زون کے علاقوں میں 99 کنکشنز منقطع کیے گئے، جہاں رہائشیوں نے کمپنی کی مین سپلائی لائن کے ذریعے غیر قانونی طور پر گیس تک رسائی کے لیے اوور ہیڈ اور انڈر گرانڈ کلمپ کا استعمال کیا تھا، نچلے اور بالائی بلوچستان میں مزید 111 کنکشنز منقطع کیے گئے جن کے لیے دعوے دائر کیے جا رہے ہیں۔