پی ٹی آئی کا عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جبراً قید رکھنے پر ملک گیر مزاحمت کرنے کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جبراً قید رکھنے پر ملک گیر مزاحمت کرنے کا اعلان کردیا۔
پارٹی کے ہنگامی اجلاس میں کور کمیٹی نے کہا کہ مینڈیٹ چور اور ان کے سرپرست بانی پی ٹی آئی کو جبراً انتقام کا نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔
کور کمیٹی کے مطابق بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ سے بالواسطہ یا براہِ راست کوئی تعلق نہیں ہے۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ آج عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی رہائی کا حکم دیا ، فاشسٹ حکومت نے بانی پی ٹی آئی کو رہا نہیں ہونے دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں بری کردیا۔
اسلام آباد کی سیشن عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی عدت کیس میں رہائی کی روبکار تو جاری کردی ہے تاہم 5 دیگر کیسز میں روبکار جاری نہ ہونے کے سبب بانی پی ٹی آئی کی رہائی ممکن نہیں۔
بعد ازاں نیب نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتار کرلیا۔