اخبارات کو اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کیلئے متعلقہ محکمہ اپنا مثبت کردار ادا کرے، ایڈیٹرز کونسل


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرز کونسل بلوچستان کا اہم اجلاس صدر انور ساجدی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اخباری صنعت خصوصاً پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل پر غور و خوص کیا گیا اجلاس میں بلوچستان کی موجودہ مخلوط حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال 2024-25کے بجٹ میں اشتہارات کے بجٹ میں اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ بلوچستان میں واحد صنعت پرنٹ میڈیا گو نا گوں مسائل سے دوچار ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی سے جہاں عام آدمی شدید متاثر ہے وہیں اخباری صنعت سے وابستہ کارکن بھی پریشان ہیں دن بدن اخباری صنعت معاشی بدحالی سے دوچار ہورہی ہے ایسے میں بلوچستان میں اشتہارات کے بجٹ میں اضافہ ”وینٹی لیٹر پر پڑی اخباری صنعت کے لئے زندگی کی ایک نوید کے مترادف ہے یہ حکومتی اقدام قابل تحسین عمل ہے اجلاس میں اشتہارات کی تقسیم کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ اشتہارات کی تقسیم کو منصفانہ بنانے کے لئے محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان کے متعلقہ حکام اپنا مثبت کردار ادا کریں اور اشتہارات کی پالیسی پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں روزنامہ جنگ سے حاجی سید خلیل الرحمن، روزنامہ ایکسپریس سے رضا الرحمن، روزنامہ آزادی سے آصف بلوچ، روزنامہ باخبر سے گلریز خان، روزنامہ ہمت سے نادر حسین زمرد اور بلوچستان نیوز سے انور ناصر نے شرکت کی۔