کراچی میں آج رات ہلکی بارش کا امکان


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 2 سے3 روز کے دوران شہر قائد میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے تاہم ہیٹ ویو کا کوئی خدشہ نہیں اور اسی دوران درجہ حرارت 37 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج شام یا رات میں کراچی میں بوندا باندی یا ہلکی بارش کی توقع کی جا رہی ہے جبکہ 18 یا 19 اپریل کو مون سون کا ایک اور اسپیل کراچی سمیت سندھ پر اثر انداز ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 30.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 70فیصد ہے اور سمندری ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹا کی رفتار سے چل رہی ہیں۔