تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد کے لیے ماحولیاتی تبدیلی فنڈ قائم


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر سی ڈی اے نے تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد کے لیے ماحولیاتی تبدیلی فنڈ قائم کر دیا۔سی ڈی اے نے خصوصی فنڈ کلائیمٹ چینج انیشیٹو کے تحت قائم کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ماحولیاتی فنڈ کے قیام پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور متعلقہ ٹیم کو شاباش دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ سی ڈی اے نے ماحولیاتی فنڈ قائم کر کے لیڈ لی ہے، سی ڈی اے کی ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ انیشیٹو کے تحت شہر میں کاربن کریڈٹ پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، کاربن کریڈٹ پروگرام کے تحت شہر میں درخت لگانے کے لیے 2ہزار سے 10ہزار کنال پر محیط مقامات مختص کر دیے ہیں جہاں 40 لاکھ سے 50 لاکھ درخت لگائے جائیں گے۔ درخت لگانے کے لیے مقامات نئے سیکٹرز، ایونیوز اور دیگر کھلے علاقوں میں مختص کیے گئے ہیں۔
مارگلہ ہلز پر واقع تفریحی مقامات پر مارگلہ ہلز فنڈ کی منظوری بھی دی گئی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ یہ فنڈ تفریحی مقامات کی آمدن کا 1.5 فیصد حصہ ہوگا، حاصل رقم سے مارگلہ ہلز کی حفاظت اور خوبصورتی کو یقینی بنایا جائے گا۔