پرامن تعلیمی فضا پر یقین رکھتے ہیں، لا کالج کا ماحول خراب نہ کیا جائے، پی ایس ایف


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر طاہر شاہ کاکڑ اور صوبائی الیکشن کمیٹی چیئرمین رزاق عاصم نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ کچھ دنوں پہلے لا کالج کوئٹہ میں پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے ساتھیوں پر تشدد ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا جس میں کالج کا پرنسپل پورے منصوبے میں شریک رہا ہے کالج میں طلبا کو آپس میں ورغلانا انکی ایما پر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج کا پر امن ماحول خراب کرنے میں کالج پرنسپل ملوث ہے پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن ایک پرامن تعلیمی فضا پر یقین رکھتی ہے ہم وہ سارے تشدد آمیز حربے ناکام بنائیں گے جس سے طلبا اور طالبات کا مطالعہ متاثر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کالج ایڈمنسٹریشن کی خام خیالی ہے کہ وہ اس طرح بزدلانہ فعل سے طلبا کو آپس میں دست و گریباں کرکے ہمارے ساتھیوں کو اپنے مشن سے دور رکھیں گے، ہماری تاریخ بہت واضح رہی ہے کہ ہم نے اپنے جانوں کا نظرانہ پیش کیا ہے لیکن اپنے اکابرین کی تعلیم دوست فلسفے پر کار بند رہے ہیں۔ پی ایس ایف کے قائدین نے کہا کہ ہم عدم تشدد کے فلسفے پر یقین رکھتے ہیں اور اداروں میں پرامن ماحول ہی یہاں کے غریب بچوں کی تعلیمی محرومیوں کا ازالہ کرسکتا ہے ہم کسی کو بھی یہ اختیار نہیں دیں گے کہ وہ ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچائے اور اس میں اپنی من مانیوں کا راج قائم رکھے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ لا کالج کوئٹہ کے پرنسپل کے اس عمل کے خلاف ایکشن لیا جائے اور اسے پوری طور پر اس منصب سے فارغ کیا جائے بصورت دیگر پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے ساتھی ایک سخت ترین احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔