بلوچستان میں ایک گھنٹے میں 2 مرتبہ زلزلہ، شہریوں میں خوف و ہراس


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)صوبہ بلوچستان کے علاقے ژوب میں مسلسل 2 مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر اسلام آباد کے مطابق پیر کی صبح پہلا زلزلہ ریکٹر اسکیل پر 5 کی شدت سے ریکارڈ کیا گیا اور اس کا مرکز زمین سے 35 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلے کا مرکز ژوب سے 106 کلومیٹر جنوب میں تھا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ضلع کوہلو سے 61 کلومیٹر شمال میں صرف 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
اس کے ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں ریکٹر اسکیل پر 3.9 شدت کا دوسرا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کا مرکز ژوب سے 79 کلومیٹر جنوب میں 151 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکوں نے مقامی آبادی میں تشویش پیدا کر دی ہے تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ حکام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور رہائشیوں کو کسی بھی آفٹر شاکس کے لئے چوکس رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔