“آمنہ اور صنم کو اپنی زندگی میں شامل کرکے خوش قسمت محسوس کرتا ہوں”،محب مرزا


کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار محب مرزا نے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں دو بہترین خواتین آمنہ شیخ اور صنم سعید کو شامل کرنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔حال ہی میں محب مرزا نے ایک انٹرویو میں اپنی زندگی میں خواتین کے کردار کے بارے میں بات کی، اس دوران اداکار نے آمنہ شیخ اور صنم سعید کی بھی تعریف کی۔
محب مرزا نے کہا کہ اگر میں آمنہ اور صنم کی بات کروں تو یہ دونوں ہی بہت اچھی انسان اور خواتین ہیں، ان دونوں کا تعلق بھی اچھے گھرانوں سے ہے۔اداکار نے کہا کہ ان دونوں کی پرورش بہت اچھی ہوئی ہے، خاص طور پر ان کی ماؤں نے ان کی تربیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بےشک! آمنہ اور میری علیحدگی ہوچکی ہے، میں اُس بارے میں بات نہیں کروں گا کیونکہ وہ ہمارا نجی معاملہ تھا، ہر رشتے میں اُتار چڑھاؤ آتے ہیں، کبھی کبھی دو لوگ اچھے ہونے کے باوجود بھی ایک ساتھ نہیں رہ پاتے لیکن اس کے باوجود میرے لیے آمنہ ایک بہت اچھی انسان ہیں۔
محب مرزا نے کہا کہ میری ماں کی دُعاؤں کا نتیجہ ہے کہ مجھے میری زندگی میں دو بہترین خواتین کا ساتھ ملا، میں آمنہ اور صنم کو اپنی زندگی میں شامل کرکے خود کو بہت خوش قسمت سمجھتا ہوں۔
اداکار نے اپنی اہلیہ صنم سعید کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ بہت دوستانہ ہیں، میں اُنہیں اردو سکھاتا ہوں اور وہ مجھے انگریزی سکھاتی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ میں جب صنم سعید کے ساتھ کسی پراجیکٹ میں کام کرتا ہوں تو شوٹنگ کے دوران، ہمارا وقت ہنسی مذاق میں بہت اچھے سے گزرتا ہے۔
محب مرزا نے مزید کہا کہ میں سوشل میڈیا پر اپنی نجی زندگی شیئر نہیں کرتا کیونکہ مجھے نہیں پسند کہ دُنیا کے سامنے میری نجی زندگی کی نمائش ہو۔واضح رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں صنم سعید اور محب مرزا نے اپنی شادی کا اعلان کیا تھا، دونوں اداکاروں کی یہ دوسری شادی ہے۔
صنم سعید سے قبل، محب مرزا نے سال 2005 میں اداکارہ آمنہ شیخ سے شادی کی تھی، دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے لیکن سال 2019 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔دوسری جانب صنم سعید نے سال 2015 میں اپنے دوست فرحان حسن سے شادی کی تھی تاہم اُن کی بھی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوگئی تھی