بااثر افراد اور پولیس زیادتی کیخلاف خضدار کے رہائشی کی پریس کانفرنس


خضدار(قدرت روزنامہ)ضلع خضدارکی سب تحصیل زیدی کے رہائشی محمد اسماعیل زہری نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئے روز بااثر شخص عبدالرزاق میراجی اپنے بیٹوں کے ہمراہ مجھ پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں، ان بااثر افراد کے کہنے پر زیدی میں لیویز فورس کی حدود میں پولیس ایس ایچ او ہم پر حملہ آور ہوئے، ایک بچے کو زخمی کردیا اور ہمارے کپڑے پھاڑے گئے، عبدالرزاق کے دو بیٹے میرے داماد ہیں اور میری دو بیٹیوں کے بدلے میں وٹہ سٹہ کی بنیاد میرے بیٹے کو رشتہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن بعد میں وعدے کی خلافی ورزی کرنے پر ان کی جانب سے ہمیں 10 لاکھ روپے دینے کا فیصلہ ہوا تھا، اب نہ ہمیں رقم ادا کررہے ہیں نہ ہی میرے بیٹے کو رشتہ دے رہے ہیں، میرے بیٹے کو اپنی جس بیٹی دینے کا فیصلہ کیا تھا اب اس لڑکی کی منگنی کسی اور جگہ کرنے کے لیے ہم پر حملہ کرواتے ہیں عبدالرزاق کے گھر میں میری دو بیٹیاں بہو ہیں جن پر قیدیوں جیسا سلوک کررہا ہے، انہیں ہماری طرف آنے کی اجازت بھی نہیں ہے، ہم زیدی میں بزگری کرکے گزر بسر کرتے ہیں، میرا ایک ہی بیٹا ہے جو شہر سے باہر مجبوری کی حالت میں مزدوری کرتا ہے حکام بالا اور قبائلی عمائدین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں انصاف دیا جائے۔