گوادر میں بلوچی راجی مچی کے حوالے سے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی آگاہی مہم
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)28 جولائی کو بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی طرف سے اعلان کردہ راجی مچی کے سلسلے میں کراچی سمیت بلوچستان بھر میں آگاہی مہم جاری ہے۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے کوئٹہ میں بھی آگاہی مہم کے حوالے سے کلی اسماعیل میں لوگوں میں پمفلٹ تقسیم کیے۔ راجی مچی کے تیاریوں کیلئے بلوچ یکجہتی کمیٹی نے جھالاوان ریجن میں مختلف علاقوں میں تنظیی نمائندوں سے ملاقات کی۔ اس دورے میں بالخصوص خضدار، نال اور سوراب میں بلوچ راجی مچی کی سرگرمیوں کارنر میٹنگز، وال چاکنگ اور موبلائزیشن کیلئے کارکنوں کی ٹیم بنائی گئی۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی حب نے گڈانی میں ایک آگاہی تقریب رکھی جس میں کارکنوں نے بلوچ راجی مچی اور بلوچ یکجہتی کے لیے گڈانی کے عوام سے ملاقاتیں کیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گڈانی کے مین بازار میں ایک پرامن پیدل مارچ کیا، جس میں 28 جولائی کو گوادر میں بلوچ راجی مچی میں شرکت کرنے کی دعوت دی۔ آخر میں گڈانی کے مختلف جگہوں پر وال چاکنگ کی گئی۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق بلوچ نسل کشی کے خلاف 28 جولائی کو گوادر میں بلوچ راجی مچی (بلوچ قومی اجتماع) کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ راجی مچی کے لیے بلوچ یکجہتی کمیٹی کو ہر طرح کی مدد و تعاون، خصوصاً مالی تعاون کی اشد ضرورت ہوگی۔ بحیثیت انسان اور بلوچ، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بلوچ نسل کشی کے خلاف اس تحریک میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے بلوچستان سمیت دنیا بھر میں مقیم بلوچ قوم سے گزارش ہے کہ “بلوچ راجی مچی” میں اپنا کردار ادا کرنے اور مدد و تعاون کے لیے مرکزی قیادت سے رابطہ کریں۔