بارش سے سیلابی صورتحال، ہرنائی تا سبی مسافر ٹرین کی آمدورفت معطل


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلو چستان کے ضلع ہرنائی میں گزشتہ شب موسلا دھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی صورتحال کی وجہ سے ہرنائی سے سبی مسافر ٹرین کی آمد ورفت ایک بار پھر معطل ہوگئی ہے۔ریلوے حکام کے مطابق ہرنائی اور سبی کے درمیان چلنے والی مسافر ٹرین کے مقررہ روٹ کی پٹریوں کے ساتھ حفاظتی دیوار نہ ہونے کی وجہ سے ریلوے کی آمدورفت کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے جس کے باعث ٹرین سروس ایک بار پھر معطل کردی گئی ہے۔گزشتہ شب بارش کے باعث ہرنائی مسافر ٹرین معطل کیے جانے سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جنہیں اب کوئٹہ کے راستے سبی جانا ہوگا، مسافروں کے مطابق اس متبادل روٹ پر سفر کا خرچہ تقریبا 4 ہزار روپے ہوگا۔مسافروں نے شکایت کی ہے کہ آئے روز بارش کے باعث ہرنائی سبی ٹرین سروس معطل ہو جاتی ہے،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 17 سال بعد بحال کی گئی ٹرین کی صحیح معنوں میں مکمل بحالی کے لیے مختلف جگہ پر حفاظتی دیوار اور نئی پٹڑیوں کی تنصیب کی منظوری دی جائے۔مسافروں کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے ساتھ ریلوے ٹریکس کی بحالی ناگزیر ہے تاکہ بارش کے ایام میں بھی مسافر ٹرین جاری رہے بلکہ مال بردار ٹرین بھی رواں دواں رہ سکے، ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کے بحالی کے لیے پٹڑی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔