عالمی دنیا

ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ سینیٹرجے ڈی وینس نائب صدارتی امیدوارنامزد


امریکا(قدرت روزنامہ)امریکا میں ری پبلکن پارٹی نے سابق صدرڈونلڈ ٹرمپ کو باضابطہ طورپرصدارتی امیدوار نامزد کیا ہے جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹرجے ڈی وینس کو اپنا نائب صدارتی امیدوار بنانے کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ اتوار کو پنسلوینیا میں ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں بچ جانے والے سابق صدرڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریاست وسکونسن کے شہر ملواکی میں منعقدہ ریپبلکن نیشنل کنونشن میں شرکت کی، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔کنونشن سینٹر پہنچنے پر ڈونلڈ ٹرمپ نے مکا لہراتے ہوئے اپنے حامیوں سے دادوتحسین وصول کی، اس موقع پر کنونشن کے شرکا نے امریکا کے حق میں نعرے لگائے۔
ریپبلکن پارٹی کی جانب سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو باضابطہ طورپر مسلسل تیسری مرتبہ صدارتی امیدوار کے لیے نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب رہے، 2020 میں انہیں ریپبلکن پارٹی نے دوسری مرتبہ صدارتی امیدوار نامزد کیا تھا لیکن وہ موجودہ صدرجوبائیڈن کےہاتھوں شکست کھاگئے تھے۔

ری پبلکن پارٹی کے نیشنل کنونشن کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹرجے ڈی وینس کو اپنا نائب صدارتی امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے، جن کا تعلق امریکی ریاست اوہائیو سے ہے اور وہ ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت مخالف رہ چکے ہیں، ان کی بیوی بھارتی نژاد اوشا چلوکری وینس کمیبرج یونیورسٹی سے فلسفہ میں ماسٹر ڈگری رکھتی ہیں۔
ریپبلکن نمائندوں سے بھرے کنونشن ہال میں ڈونلڈ ٹرمپ وی آئی پی باکس میں اپنے نامزد کردہ نائب صدر کے امیدوار سینیٹر جے ڈی وینس کے ساتھ بیٹھے، اس دوران ہاؤس ریپبلکن بائرن ڈونلڈز اور ہاؤس کے اسپیکر مائیک جانسن بھی ان کے ساتھ بیٹھے تھے۔

متعلقہ خبریں