اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دفترخارجہ نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں امام بارگاہ پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے میں 4 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے مزید 30 زخمی پاکستانی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں .
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بیان میں کہا کہ پاکستان عمان کے شہر مسقط میں وادی کبیر میں امام بارگاہ علی بن ابو طالب پر بزدلانہ دہشت گردی کےہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور اس حملے میں 4 پاکستانیوں کی موت سمیت متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں .
انہوں نے کہا کہ عمان میں ہمارا سفارت خانہ دو شہید پاکستانیوں کی لاشوں کی شناخت اور وطن واپسی کے لیے عمانی حکام سے رابطے میں ہیں . ان کا کہنا تھا کہ عمان میں پاکستانی کمیونٹی کے سوالات کے جوابات دینے اور انہیں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک ہیلپ لائن بھی کھول دی گئی ہے، زخمی پاکستانی شہریوں کی خیریت دریافت کرنے کے لیے مقامی اسپتالوں کا بھی دورہ کر رہے ہیں .
ممتازہ زہرہ بلوچ نے کہا کہ حکومت عمان نے حملہ آوروں کو ناکام کر دیا ہےجبکہ پاکستان نے عمانی حکام کو محرم کے اس مقدس مہینے میں اس گھناوٴنے جرم کی تحقیقات اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں ہر ممکن مدد کی پیش کش کی ہے . ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مزید 30 پاکستانی عمان کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں .