وندر کرکٹ گراﺅنڈ کچرے کے ڈھیر میں تبدیل، نشے کے عادی افراد کا ٹھکانہ بن گیا


سونمیانی وندر(قدرت روزنامہ)وندر کرکٹ گراﺅنڈ کھلاڑیوں اور شائقینِ کیلئے خطرے کا باعث بن گیا کھیل کا میدان عدم توجہ کا شکار نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے تشویش کا باعث بن گیا۔ کرکٹ گراﺅنڈ کے احاطے میں شراب کی خالی بوتلوں میراں پیر روڈ پر کلینکس کی استعمال شدہ سرنج ادویات و دیگر اشیا سے گراﺅنڈ کو کچرے دان بنادیا گیا۔ شدید گندگی کھلاڑیوں اور شائقین کے لئے نقصان دہ ماحول کا باعث بن رہی ہے۔ کرکٹ گراﺅنڈ اکثر شراب کی خالی بوتلوں کے ٹوٹے ہوئے شیشوں اور کچرے سے بھرا رہتا ہے۔ کرکٹ گرانڈ میں شراب کی بوتلوں نے کم عمر نوجوانوں میں شراب نوشی اور منشیات کے استعمال کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔ کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ نے انتخاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ گراﺅنڈ کے ماحول سے نوجوانوں کی صحت اور فلاح و بہبود پر پڑنے والے اثرات پر تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو کوڑے دان اور ٹوٹے ہوئے شراب کے شیشوں کے جان لیوا استعمال شدہ سرنج کے درمیان کھیلتے ہوئے دیکھ کر خوف کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر وندر، ایس ایچ او پولیس تھانہ وندر، چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی وندر، سیکرٹری میونسپل کمیٹی وندر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ گراﺅنڈ میں رات کے وقت شراب نوشی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گراﺅنڈ کی مکمل صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ میراں پیر روڈ پر کلینکس کی پھینکی گئی استعمال شدہ سرنج ادویات کو فوری تلف کیا جائے تاکہ ہمارے بچے نوجوان اور شائقین کو محفوظ ماحول میسر ہوسکے۔