کراچی: زیادتی کی شکار 12 سالہ بچی کے ہولناک انکشافات


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے سرجانی ٹاون میں 12 سال کی بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کا واقعہ سامنے آیا جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
متاثرہ بچی کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ سرجانی ٹاون میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ پولیس نے بچی کا بیان بھی لے لیا ہے۔ محلے والوں نے ملزم برکت کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔
بچی کی والدہ نے پولیس کو بتایا تھا کہ ان کی بیٹی دوپہر میں سامان لینے محلےمیں گئی لیکن واپس نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ محلے والوں نے بتایا کہ بیٹی کو برکت نامی شخص اپنے ساتھ ایک مکان میں لے گیا۔
متاثرہ بچی نے پولیس کو بتایا کہ برکت نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اپنےبیان میں بچی کا کہنا ہے اسے برکت ہاتھ سے پکڑ کر گھسیٹ کر ایک گھر میں لے گیا جس کے بعد اسے کوئی انجیکشن لگایا جس سے وہ اپنے ہوش میں نہیں رہی۔ بچی نے مزید بتایا کہ جب وہ ہوش میں آئی تو اسے احساس ہوا کہ اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق بچی کا میڈیکل کرالیا گیا ہے اور رپورٹ کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثنا وزیر داخلہ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ سے تفصیلات طلب کرلیں۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ تحقیقات کرکے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرہ بچی اور اس کے اہل خانہ کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔