پی ٹی آئی نے ایڈہاک ججز کی تعیناتی مسترد کردی، سپریم جوڈیشل کونسل جانے کا اعلان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے ایڈہاک ججز کی تعیناتی کو مسترد کردیا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ میں ایڈہاج ججز کی تعیناتی بدنیتی پر مبنی ہے۔ ایڈہاک ججز کی تعیناتی کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں بھیج رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد اپنے ہم خیال ججز کو لگانا ہے۔ ججز اس معاملے کو متنازع نہ بنائیں۔ چار ججز کو ایک ساتھ دوران تعطیلات لایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے اراکین اسمبلی کو ایجنسیاں جھوٹے مقدمات میں اٹھا رہی ہیں۔ عمران خان، بشری بی بی اور تمام اسیران کے خلاف کیسز بنائے گئے۔ ہم ان تمام بوگس کیسز کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ بشریٰ بی بی کا روبکار بھی جاری ہو گیا نیب ٹیم نے ان کو جھوٹے کیسز میں پھر گرفتار کیا۔ ایڈہاک ججز کے حوالے سے قاضی فائز عیسی سے گزارش ہے یہ ججز ہمارے کیسز نہ سنیں۔ ہماری حب الوطنی پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پچھلے دو سال میں یہ نظام بری طرح مینج ہوا ہے۔ حکمران ٹولہ یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ عوامی رائے کو کس طرح تبدیل کیا جائے۔ پارٹی پر پابندی لگانے کی بات انتہائی بھونڈی حرکت ہوگی۔ آئین اور قانون کو جوتے کی نوک پر رکھا جا رہا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں اس وقت انارکی کی صورتحال ہے۔ پاکستان کو سرزمین بے آئین بنا دیا گیا ہے۔ بندوق کے زور پر بدمعاشی کی جارہی ہے۔