ایس بی کے ٹیسٹ نتائج میں تاخیر،وزیراعلیٰ نے سی ایم آئی ٹی کو تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے،شاہد رند
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند کا ایس بی کے تحت ہونے ٹیچنگ ٹیسٹ کے نتائج میں ہونے والے تاخیر سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایس بی کے کے تحت ہونے والے ٹیچنگ ٹیسٹ کے نتائج محکمہ تعلیم کو نہ موصول ہونے پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہوزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اب تک نتائج نہ موصول ہونے پر وضاحت طلب کی ہے۔ شاہد رندنے کہا کہعدالتی احکامات اور چار مرتبہ ایس بی کے کو لیٹر لکھنے کے باوجود بھی نتائج فراہم نہیں کیے گئے ہیں ۔ ایس بی کے متعدد معاملات میں محکمہ تعلیم کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو چکی ہے ۔ ترجمان صوبائی حکومت کا یہ بھی کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت ٹیچنگ ٹیسٹ ایس بی کا انعقاد ایس بی کے نے کروانا تھا تاہم یہ ٹیسٹس تیسری پارٹی کے ذریعے لئے گئے۔ مفاہمتی یاداشت کے مطابق شکایات کنندگان کہ شکایات کو سات دنوں میں دور کرتے ہوئے نتائج کا اعلان کیا جانا تھا ۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق ایس بی کے نے مئی 2023 میں نتائج دینے تھے جبکہ یہ معاملہ جون 2023 میں عدالت گیا ۔ شاہد رندنے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ایس بی کے یونیورسٹی کو قانونی نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے سی ایم آئی ٹی کو اس معاملے میں تاخیر سے متعلق تحقیقات کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ ایس بی کے ٹیسٹ کے معاملے پر حکومت کی پوزیشن واضح ہے۔ شاہد رندنے کہا کہ عدالتی احکامات پر عمل کیا جائے گا ۔ بھرتیاں خالصتاً کانٹریکٹ کی بنیاد پر ہوں گی ۔ رزلٹ کے جاری ہونے کے بعد ہی اسکروٹنی اور انٹرویو کے مرحلے کو مکمل کیا جائے گا ۔