مون سون بارشوں کی پیشگوئی، کوئٹہ انتظامیہ نالوں سے قبضے ختم کروانے میں ناکام
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے کوئٹہ میں جولائی اور اگست میں مون سون کی زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے لیکن ضلعی انتظامیہ شہر کے کئی نالوں پر سے قبضے ختم نہیں کراسکی۔صوبائی حکومت نے کچھ عرصہ قبل شہر کے نالوں پر سے قبضے ختم کرکے ان کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔بلوچستان حکومت اور پی ڈی ایم اے حکام نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو مون سون بارشوں کی آمد سے قبل شہر کے تمام نالوں کی صفائی اور تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت جاری کی تھی تاہم شہر کے اہم نالوں سے تجاوزات مکمل طور پر ہٹائی نہیں جاسکی ہیں۔اس ضمن میں کمشنر کوئٹہ و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن حمزہ شفقت نے کہاہے کہ کوئٹہ میں 4 قسم کے نالے ہیں ، 15 برساتی نالے محکمہ آب پاشی کے پاس ہیں جب کہ ایک نالہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے زیر نگرانی ہے، 82 نالوں کی صفائی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے بتایا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی زیر نگرانی نالوں کو پی ڈی ایم اے کی مدد سے صاف کیا جاچکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیر نگرانی شہر کے سٹی نالے پر تجاوزات ہٹانے کا کام جاری ہے جو 60 سے 70فیصد مکمل ہوگیا ہے۔