ملک کو چلنے دیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سپریم کورٹ کے ججز سے استدعا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک مجرم اور ہاری ہوئی جماعت کو فیور دینے کے لیے آئین کو ری رائٹ کیا جارہا ہے، سپریم کورٹ کے ججز سے استدعا ہے کہ ملک کو چلنے دیں۔
لاہور میں ٹاؤن شپ ماڈل بازار کی اپ گریڈیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے جن شہروں میں ماڈل بازار نہیں ہیں، وہاں بھی ہم ماڈل بازار بنائیں گے، ہم نے اس کے لیے زمین مختص کردی ہے، پنجاب کے تمام اضلاع میں ہم ماڈل بازار بنائیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کے لیے سہولت اور آسانیاں پیدا کریں گے، لوگ ٹاؤن شپ ماڈل بازار سے بہت خوش ہیں۔’جتنے بھی لوگوں سے آج ملاقات ہوئی ہے، لوگ بہت خوش تھے، میرے لیے عوام کی خوشی سے بڑھ کر کچھ نہیں۔‘
وزیراعلیٰ پنجاب نے سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہوئی ہے کہ سینیئر وزیر وہاں بیٹھی ہوئی ہیں جو ماحولیات کے لیے بہت کام کررہی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ آپ نے دیکھا ہوگا کہ لوگ آج شاپنگ بیگ استعمال نہیں کررہے، لوگوں نے کپڑے کے تھیلے اٹھائے ہوئے تھے اور مجھے یہ دیکھ کر بھی خوشی ہوئی کہ یہاں معزور افراد کے لیے وہیل چیئر موجود تھی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی نے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی تو اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، حکومت 5 سال پورے کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک مجرم اور ہاری ہوئی جماعت کو فیور دینے کے لیے آئین کو ری رائٹ کیا جارہا ہے، پاکستان آگے بڑھتا ہوا اچھا نہیں لگ رہا اس لیے آئین کو ری رائٹ کیا جارہا ہے۔