عوام کے پیسوں میں بے ضابطگیوں کا احتساب کریں گے، پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا تعریفی اجلاس اصغر علی ترین کی زیر صدارت بلوچستان صوبائی اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کو پبلک اکاﺅنٹس، احتساب اور پبلک فنانس میں شفافیت کی اہمیت پر بریفنگ دی گئی۔ اسمبلی سیکرٹری طاہر شاہ کاکڑ نے پی اے سی کے کام کرنے کے طریقے اور اہمیت پر ممبران اسمبلی کو تفصیلی presentation پیش کیا۔ ڈائریکٹر جنرل آڈٹ شجاع علی نے مجلس کو صوبے میں آڈٹ کے کام کے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی اور اکاﺅنٹنٹ جنرل بلوچستان، نصراللہ جان نے Appropriation Accounts کے بارے میں ممبران کمیٹی کو تفصیلاً روشنی ڈالی۔ چیئرمین کمیٹی اصغر علی ترین نے احتساب کے لیے کمیٹی کے عزم، عوامی فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنانے اور عوامی پیسوں کے بے قاعدگیوں سے سنجیدگی سے نمٹنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت اور ذمہ دارانہ طرز حکمرانی کے لیے ضروری ہے کہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی بہترین انداز میں کام کریں۔ چیئرمین نے کہا کہ ہم بہترین کام کا اعادہ کرتے ہوئے عوام کے پیسوں میں بے ضابطگیوں کا احتساب کریں گے۔ آخر میں انہوں نے اراکین اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ شرکا میں نور اللہ دمڑ، رحمت صالح بلوچ، عبید اللہ گورگیج، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، ایڈیشنل سیکرٹری پی اے سی سراج الدین لہڑی، چیف اکاﺅنٹ آفیسر سید ادریس آغا، اکاﺅنٹنٹ جنرل بلوچستان نصراللہ جان، اور ڈائریکٹر جنرل آڈٹ شجاع علی شامل تھے۔