انسداد دہشتگردی عدالت؛ پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی ضمانت خارج


لاہور(قدرت روزنامہ) انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی ضمانت خارج کردی۔
راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کی ضمانت خارج کردی ۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے کیس کا فیصلہ سنایا، جس میں عدالت نے اعجاز چوہدری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست مسترد کردی۔پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کے خلاف تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
دریں اثنا انسداد دہشت گردی عدالت نے جلاؤ، گھیراؤ کیس میں فواد چوہدری سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو آخری موقع دیتے ہوئے درخواست گزاروں کی عبوری ضمانت میں 7 اگست تک توسیع کی۔اے ٹی سی جج نے کہا کہ اگر آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل نہ ہوئی تو میں قانون کے مطابق فیصلہ کر دوں گا۔