میں نے ہفتہ اتوار کی چھٹی ترک کردی، ترقی کیلیے سب کو محنت کرنی ہوگی، وزیراعظم
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں نے خود ہفتہ اتوار کی چھٹی ترک کردی ہے، ترکی کرنی ہے تو سب کو محنت کرنی ہوگی۔
وفاقی دارالحکومت میں اپنے گزشتہ دور حکومت میں شروع کیے گئے ٹیکنالوجی پارک کے منصوبہ کا دورہ اور تعمیراتی کام پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک پاکستان کا بین الاقوامی معیار کے عین مطابق پہلا کیٹیگری 3 کا ٹیکنالوجی پارک ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی ترقیاتی منصوبوں پر 24 گھنٹے کام کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ پنجاب میں بطور خادمِ اعلیٰ ترقیاتی منصوبوں پر 24 گھنٹے تعمیراتی کام کرنے کا نظام متعارف کروایا تھا۔ خوش آئند بات ہے کہ اس منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کے لیے اس پر 24 گھنٹے کام جاری ہے۔ پاکستان کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانا ہے تو دن رات محنت کرنا ہوگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بذاتِ خود ہفتے اور اتوار کی چھٹی کو ترک کر دیا ہے، پاکستان کو ترقی کی منازل طے کروانی ہیں تو سب کو مل کر محنت کرنی ہوگی۔ پروجیکٹ ٹیم اور وزارت آئی ٹی اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے لیے اقدامات تیز کریں۔ اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک سے ملکی اور غیر ملکی اکیڈیمیا، محققین، صنعت اور منصوبہ سازوں کے مابین ہم آہنگی پیدا ہو گی۔ ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر سے ملکی آئی ٹی برآمدات میں سالانہ 70 ملین ڈالر کا اضافہ ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر سے روزگار کے 10 ہزار نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے منصوبے کے لیے جنوبی کوریا کی حکومت کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم کو اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر پر پیش رفت اور منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ منصوبہ 14.9 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جس میں بین الاقوامی معیار کا ڈیٹا سینٹر بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔