نہری اور پینے کے پانی کی عدم فراہمی، ڈیرہ اللہ یار میں کاشتکار سراپا احتجاج، بھوک ہڑتالی کیمپ قائم


ڈیرہ اللہ یار(قدرت روزنامہ)ڈیرہ اللہ یار میں نہری اور پینے کے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف کاشتکار سراپا احتجاج بن گئے، جھڈیر شاخ کے کاشتکاروں نے نصیب اللہ کھوسہ کی قیادت میں بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کر دی، جھڈیر شاخ کے کاشتکاروں نے مقامی زمیندار نصیب اللہ کھوسہ، زین العابدین کھوسہ اور پرویز کھوسہ کی قیادت میں ڈیرہ اللہ یار زیرو پوائنٹ پر پہنچ کر تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کردی، بھوک ہڑتالی کیمپ پر موجود کاشتکاروں کی جانب سے ایری گیشن حکام کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی، مقامی زمیندار نصیب اللہ کھوسہ اور زین العابدین کھوسہ نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹ فیڈر کینال سے جعفرآباد کی نہروں جھڈیر شاخ، ٹیمپل شاخ، نصیر شاخ، قیدی شاخ، محبت شاخ، بالان شاخ، باری شاخ کو نہری پانی فراہم نہیں کی جا رہی، جسکے باعث سیکڑوں ایکڑ کمانڈ ایریا پر چاول کی کاشت متاثر ہو رہی اور پنیری بھی جل سڑ رہی ہے، نہریں اور تالاب خشک ہونے سے ڈیرہ اللہ یار شہر اور دیہات میں پانی کا سنگین بحران پیدا ہوگیا، انسان اور جانور بھی پیاس سے نڈھال اور حصول آب کے لیے سرگرداں ہیں، انکا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی اور مشیر وزیراعلی سردار غلام رسول عمرانی پٹ فیڈر کینال سے جعفرآباد کے حصے کا پانی بھی نصیرآباد کو دے رہے ہیں جعفرآباد کا کمانڈ ایریا اس وقت بنجر بن چکا ہے، جعفرآباد بلوچستان کا گرین بیلٹ رہا ہے تاہم اب خشک سالی سے زمیندار اور کسان مالی مشکلات کا شکار ہیں، جعفرآباد کے ساتھ نا انصافی کی جا رہی کسان اور زمینداروں کا استحصال کیا جا رہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک نہری پانی فراہم نہیں کیا جاتا بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔