کراچی میں 6 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش، پولیس نے جان بچا لی


کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے قائد آباد میں پولیس نے 6 سالہ بچی کی جان بچاکر ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے بچی سے زیادتی کی کوشش کی اور تشدد کے بعد بچی کو بوری میں بند کرکے پھینک دیا۔
ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی نے تھانا قائدآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ قائد آباد میں ملزم جاوید ممتاز نے 6 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کی، ملزم نے بچی پر بدترین تشدد کیا، بچی کو مردہ سمجھ کر بوری میں ڈال کر گندے نالے میں پھینک دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اطلاع ملتے ہی بچی کو بوری سے نکال کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا، بچی کی حالت سنبھلنے پر پولیس نے بچی سے معلومات حاصل کیں، بچی نے پولیس کو ملزم کے بارے میں بتایا جس پر 3 مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ایک گھنٹے کے اندر ملزم جاوید ممتاز کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق دوران تفتیش گرفتار ملزم جاوید ممتاز نے اقرار جرم کرلیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے پولیس پارٹی کے لیے ایک لاکھ روپے انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے ایس ایس پی ملیر اور ان کی ٹیم کو شاباشی دی اور 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔