میرے اوپر دھوکے بازی کا لیبل لگا ہوا ہے، رنبیر کپور


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ‘انیمل’ کے اسٹار رنبیر کپور نے کہا ہے کہ لوگ آج بھی اُنہیں دھوکے باز کہہ کر پکارتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق رنبیر کپور نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ کے دوران ‘دھوکے باز’ (Cheater) کے لیبل، ماضی کے تعلقات اور اپنی بیٹی کے بارے میں بات کی۔
رنبیر کپور نے اپنے والد آنجہانی اداکار رشی کپور کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد بہت غصے والی شخصیت کے مالک تھے، اُنہیں چھوٹی چھوٹی باتوں پر بہت جلدی غصہ آجاتا تھا لیکن اس کے باوجود، وہ بہت ہی اچھے انسان تھے۔
اداکار نے کہا کہ میں نے کبھی اپنی والد کی آنکھوں کا رنگ نہیں دیکھا کیونکہ میں ہمیشہ اُن سے سر جھکا کر بات کرتا تھا۔اُنہوں نے اپنی بیٹی سے متعلق کہا کہ میں جب بھی اپنی بیٹی کو گود میں اُٹھاتا ہوں تو مجھے ایسا لگتا ہے کہ میں نے اپنا دل نکال کر ہاتھ پر رکھ دیا ہے۔
رنبیر کپور نے کہا کہ عالیہ اور میرے لیے ہماری بیٹی بہت عزیز ہے بلکہ عالیہ تو راہا کو اپنے وجود کا ایک خاص حصہ سمجھتی ہیں۔اداکار نے ماضی کے اپنے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ماضی میں دو بہت ہی کامیاب اداکاراؤں کو ڈیٹ کیا تھا جن سے بریک اَپ کے بعد، مجھے دھوکے باز ہونے کا ٹیگ ملا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنی زندگی کا ایک بہت بڑا حصہ دھوکے باز ہونے کے لیبل کے ساتھ گزارا ہے اور میں آج بھی اسی لیبل کا سامنا کررہا ہوں۔واضح رہے کہ ماضی میں رنبیر کپور نے دیپیکا پڈوکون اور کترینہ کیف کو ڈیٹ کیا تھا، کیریئر کے آغاز میں اداکار کا تعلق دیپیکا پڈوکون کے ساتھ تھا۔
دیپیکا پڈوکون سے بریک اَپ کے بعد، رنبیر کپور نے کترینہ کیف سے تعلقات استوار کرلیے تھے لیکن 2016 میں ان دونوں نے بھی راہیں جدا کرلی تھیں۔بعدازاں، اپریل 2022 میں رنبیر کپور نے عالیہ بھٹ سے شادی کی، اس اسٹار جوڑی کی ایک بیٹی بھی ہے۔