‘میں دیکھ نہیں سکتی، بھارتی اداکارہ جیسمین بھاسن کی بینائی متاثر


ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی ٹیلی وژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور رئیلٹی شو ’بگ باس‘ کے 14 ویں سیزن کی امیدوار جیسمین بھاسن کی دونوں آنکھیں کانٹیکٹ لینس کی وجہ سے خراب ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جیسمین بھاسن نے کہا کہ میں نے نئی دہلی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کے لیے روانہ ہونے سے قبل کانٹیکٹ لینس لگائے تھے اور کچھ دیر بعد ہی میرے آنکھوں میں درد شروع ہوگیا تھا۔

جیسمین بھاسن نے کہا کہ میں نے درد کے باوجود بھی تقریب میں شرکت کا فیصلہ کیا لیکن درد بڑھ گیا تھا، میری آنکھوں کا درد اس قدر شدت اختیار کرگیا تھا کہ مجھے اپنی آنکھوں سے کچھ بھی نظر نہیں آرہا تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ میں شدید درد کے ساتھ آنکھوں کے سرجن کے پاس پہنچی تو اُنہوں نے بتایا کہ کانٹیکٹ لینس کی وجہ سے میری دونوں آنکھوں کے قرنیہ (corneas) کو بُری طرح نقصان پہنچا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے میری دونوں آنکھوں پر پٹی باندھ دی ہے اور میری آنکھوں کی بینائی ٹھیک ہونے میں 4 سے 5 دن لگیں گے لیکن اس وقت تک مجھے اپنی آنکھوں کی اچھی دیکھ بھال کرنے کی ضرورت ہے۔جیسمین بھاسن نے مزید کہا کہ یہ آسان نہیں ہے کیونکہ میں دیکھ نہیں سکتی اور درد کی وجہ سے مجھے سونے میں مشکلات کا سامنا ہے۔